امپھال ،17؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)منی پور کے امپھال مغربی ضلع میں گاڑی چورہونے کے شک میں 26 سالہ ایک فاروق خان کے بھیڑ کے ذریعہ پیٹ پیٹ کر قتل کئے جانے کے واقعہ کے تین دن بعدذیلی انسپکٹر کومعطل کر دیا ہے جبکہ تین دیگر اہلکاروں کو برخاست کیا گیا ہے۔ مغربی امپھال پولیس سپرنٹندنٹ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے اس واقعہ کی ویڈیو میں موقع پر چار پولیس اہلکار موجود دکھائی دے رہے ہیں، جب مقتول زندہ تھا اور وہ زمین پر پڑا ہوا تھا۔تھوبال ضلع کے باشندے فاروق خان کی مغربی امپھال کے تھاروجام علاقے میں جمعرات کو ہجوم نے گاڑی چور ہونے کے شک میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔ فاروق خان کے ساتھ موجود دو لوگ بچ نکلنے میں کامیاب رہے تھے۔ ان کی ابھی تک شناخت نہیں ہو پائی ہے۔مقامی لوگوں نے ایک گاڑی بھی آگ کے حوالے کر دی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس کا استعمال مقتول کے دو ساتھیوں نے کیا تھا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ایک ذیلی انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ تین اہلکاروں کو اتوار کو برخاست کر دیا گیا۔غور طلب ہے کہ اس واقعہ کی شدید مذمت ہوئی تھی اور علاقے میں مختلف سماجی کارکنوں نے دھرنا دیاتھا۔منی پور انسانی حقوق کمیشن نے اس معاملے پر از خود نوٹس لیتے ہوئے ریاست کے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو اس کی تحقیقات کرنے اور 22 ستمبر تک ایک رپورٹ دینے کو کہا ہے۔اس واقعہ کے سلسلے میں انڈیا ریزرو بٹالین کے ایک حوالدار سمیت پانچ افراد کو اب تک گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ہم اس واقعہ کی تفتیش کر رہے ہیں. اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔